وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ عالمی سطح پر پاکستان کی دفاعی صنعت اپنا نمایاں مقام بنا چکی ہے اور دنیا کے متعدد ممالک پاکستان کے لڑاکا طیاروں اور دیگر دفاعی ٹیکنالوجی کے حصول میں دلچسپی ظاہر کر رہے ہیں۔
وہ سعودی حکومت کی دعوت پر ریاض میں منعقدہ ورلڈ ڈیفنس شو میں شرکت کے موقع پر اظہار خیال کر رہے تھے، جہاں ان کا استقبال سعودی حکام اور سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر احمد فاروق نے کیا۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق وزیر دفاع نے سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات بھی کی، جس میں باہمی دفاعی تعاون اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر خواجہ آصف نے عالمی معیار کی دفاعی نمائش کے کامیاب انعقاد پر سعودی قیادت کو مبارکباد دیتے ہوئے اسے خطے میں دفاعی تعاون کے فروغ کے لیے اہم سنگ میل قرار دیا۔
نمائش کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان کی دفاعی صلاحیتیں نہ صرف قومی سلامتی کے لیے اہم ہیں بلکہ ملکی معیشت میں بھی نمایاں کردار ادا کر سکتی ہیں۔
انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ دفاعی پیداوار اور ٹیکنالوجی میں پیش رفت سے پاکستان کے عالمی تعلقات اور برآمدی امکانات مزید مستحکم ہوں گے۔
واضح رہے کہ عالمی دفاعی نمائش میں پاکستان سمیت 80 ممالک شریک ہیں جبکہ پاکستان کی نمائندگی گلوبل انڈسٹریل اینڈ ڈیفنس سلوشنز، ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا اور پاکستان آرڈیننس فیکٹری سمیت مختلف ادارے کر رہے ہیں۔
نمائش میں پاکستان کے دفاعی سازوسامان کے ساتھ فتح 2 میزائل سمیت دیگر جدید نظام بھی پیش کیے گئے ہیں، جو ملکی دفاعی صلاحیتوں کی عکاسی کرتے ہیں۔

