وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ہونے والے خودکش دھماکے کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بسنت سے متعلق اپنی تمام سرکاری اور نجی مصروفیات منسوخ کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ سانحے کے پیش نظر کل کے لیے شیڈول تمام سرگرمیاں ختم کی جا رہی ہیں جبکہ لبرٹی اسکوائر لاہور میں ہونے والا میگا بسنت شو بھی منسوخ کردیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس مشکل وقت میں پوری قوم کو خوارج اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف متحد رہنا ہوگا اور ملک کے دفاع پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے اس بات پر زور دیا کہ دہشت گردوں کے خلاف کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی اور عوام کو چاہیے کہ وہ مسلح افواج کے ساتھ کھڑے رہیں۔
واضح رہے کہ اسلام آباد کے مضافاتی علاقے ترلائی میں مسجد و امام بارگاہ خدیجتہ الکبریٰ میں جمعے کی نماز کے دوران خودکش دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں تقریباً 30 افراد جاں بحق اور 150 سے زائد زخمی ہوئے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق حملہ آور کی شناخت کرلی گئی ہے اور دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس نے افغانستان میں دہشت گردی کی تربیت حاصل کی تھی اور متعدد بار وہاں کا سفر کیا تھا۔
ذرائع نے یہ بھی مؤقف اختیار کیا کہ خطے میں موجود بعض گروہ سلامتی کے لیے خطرہ ہیں، تاہم اس حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔
یاد رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے 6 سے 8 فروری تک صوبے بھر میں بسنت منانے کا اعلان کیا تھا اور 7 فروری کو لبرٹی چوک میں مرکزی تقریب شیڈول تھی۔ لاہور میں جشن کا آغاز بھی ہوچکا تھا مگر سانحہ اسلام آباد کے باعث پروگرام ختم کر دیے گئے ہیں۔

