اسلام آباد: سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی میڈیکل رپورٹ ان کی فیملی کو موصول ہوگئی ہے جس کے مطابق ان کی دائیں آنکھ میں بینائی متاثر ہونے کی تشخیص سامنے آئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ماہرینِ امراض چشم نے اڈیالہ جیل میں تفصیلی معائنہ کیا جس میں سلٹ لیمپ معائنہ، فنڈوسکوپی، آنکھ کے دباؤ کی پیمائش اور دیگر ٹیسٹ شامل تھے، جبکہ تشخیص میں سینٹرل ریٹینل وین اوکلوژن کی نشاندہی ہوئی اور اسپتال میں فالو اَپ علاج کی سفارش کی گئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب انہیں پمز اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی رضامندی سے اینٹی وی جی ای ایف انجیکشن کے ذریعے علاج کیا گیا، جو تقریباً 20 منٹ میں مکمل ہوا اور علاج کے بعد حالت مستحکم رہی۔
بعدازاں، طبی ہدایات کے ساتھ انہیں ڈسچارج کر دیا گیا جبکہ مجموعی صحت تسلی بخش قرار دی گئی ہے۔
دوسری جانب وزیراعظم کی ہدایت پر پمز انتظامیہ نے رپورٹ اڈیالہ جیل حکام کو ارسال کی جس کے بعد یہ اہل خانہ تک پہنچائی گئی، جبکہ جیل حکام نے عدالت میں بھی رپورٹ جمع کرا کر بتایا کہ جیل رولز کے مطابق طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

