خیبر پختونخوا میں فورسز کی کارروائی، بھارتی حمایت یافتہ 24 خوارج ہلاک

خیبرپختونخوا: سیکیورٹی فورسز نے صوبے کے مختلف اضلاع میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائیاں کرتے ہوئے جھڑپوں کے دوران 24 دہشتگرد ہلاک کر دیے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 4 اور 5 فروری کو ہونے والی دو الگ کارروائیوں میں بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشتگردوں کو نشانہ بنایا گیا۔

ضلع اورکزئی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانے پر مؤثر کارروائی کی جس کے نتیجے میں شدید فائرنگ کے تبادلے میں 14 دہشتگرد مارے گئے، جبکہ ضلع خیبر میں ایک اور کارروائی کے دوران مزید 10 دہشتگرد ہلاک کیے گئے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں دیگر دہشتگرد عناصر کے خاتمے کے لیے سرچ اور کلیئرنس آپریشن جاری ہیں اور انسداد دہشتگردی مہم قومی ایکشن پلان اور وژن عزمِ استحکام کے تحت بلا تعطل جاری رہے گی۔

دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا گیا ہے اور ملک میں امن کے قیام تک آپریشنز جاری رہیں گے۔