مظفرآباد میں یومِ یکجہتی کشمیر سے خطاب: بھارت جس زبان میں بات کرے گا، اسی میں جواب دیں گے، وزیراعظم شہباز شریف
مظفرآباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل کی قیادت میں بھارت کو ایسی شکست دی گئی ہے جسے اس کی نسلیں بھی فراموش نہیں کر سکیں گی، اس لیے بھارت جس زبان میں بات کرے گا، پاکستان اسی زبان میں جواب دے گا۔
یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ آج وہ پاکستانی قوم کی جانب سے کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کے اظہار کے لیے مظفرآباد آئے ہیں۔
انہوں نے قائداعم محمد علی جناح کے فرمان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور کشمیری عوام روزانہ دنیا کے سامنے اپنی جدوجہد کی سچائی رکھ رہے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ آزاد کشمیر میں کسی بھی جماعت کی حکومت ہو، وفاقی حکومت کا فرض ہے کہ وہ بھرپور تعاون کرے اور اس میں کوئی کمی نہیں آنے دی جائے گی۔
انہوں نے تحریکِ آزادی کے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری اپنے بچوں کی قربانی دے سکتے ہیں مگر آزادی پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ معرکۂ حق میں پاکستان کی کامیابی دراصل کشمیری عوام کی بھی فتح ہے، جس کے نتیجے میں کشمیر کاز عالمی سطح پر ایک بار پھر پوری قوت سے اجاگر ہوا جبکہ سفارتی محاذ پر بھارتی بیانیہ دفن ہو چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت شکست کے بعد اپنی پراکسیز کے ذریعے دہشت گردی تیز کر رہا ہے، تاہم وہ جس محاذ پر جارحیت کرے گا، اسے اسی محاذ پر یادگار جواب دیا جائے گا۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ خطے میں پائیدار امن بھارت کے جارحانہ اور توسیع پسندانہ عزائم ترک کیے بغیر ممکن نہیں، پاکستان امن چاہتا ہے مگر برابری اور انصاف کی بنیاد پر۔
انہوں نے فلسطین اور کشمیر کے حوالے سے پاکستان کے اصولی موقف کا اعادہ کرتے ہوئے غزہ میں امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کا بھی ذکر کیا۔

