سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان جلد پاکستان کا دورہ کریں گے: پاکستانی سفیر

سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر احمد فاروق نے کہا ہے کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان جلد ہی پاکستان کا دورہ کریں گے۔

ریاض میں پاکستانی سفارت خانے میں بریفنگ دیتے ہوئے احمد فاروق نے بتایا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی امور سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دی جا رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاک سعودی دفاعی معاہدے سے دوطرفہ تعلقات کو ایک نئی جہت ملی ہے اور ان مضبوط تعلقات کے مثبت اثرات پاکستانی معیشت پر بھی واضح طور پر مرتب ہو رہے ہیں۔

پاکستانی سفیر کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان انفارمیشن ٹیکنالوجی، زراعت، ٹیکسٹائل سمیت مجموعی طور پر 8 اہم شعبوں میں معاہدے طے پانے جا رہے ہیں۔

احمد فاروق نے کہا کہ سعودی عرب میں پاکستانی برآمدات تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہیں، جو باہمی معاشی تعاون کا واضح ثبوت ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سال 2025 کے دوران تقریباً 5 لاکھ پاکستانی ورکرز سعودی عرب پہنچے جبکہ اس وقت مجموعی طور پر 30 لاکھ سے زائد پاکستانی ورکرز سعودی عرب میں مختلف شعبوں میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔