نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر پبی میں 9ویں بین الاقوامی پاکستان آرمی ٹیم اسپرٹ مقابلے 2026 کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، جس کا مقصد دوست ممالک کی افواج کے درمیان ملٹری ٹو ملٹری تعاون کو فروغ دینا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق افتتاحی تقریب میں 60 گھنٹے طویل پیٹرولنگ مشق کا باقاعدہ آغاز کیا گیا، جس میں پاک فوج کے ایک سینئر افسر نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
مقابلوں میں 19 دوست ممالک کی مجموعی طور پر 24 بین الاقوامی ٹیمیں اور فوجی مبصرین حصہ لے رہے ہیں، جن میں بحرین، بنگلہ دیش، بیلاروس، مصر، عراق، اردن، مملکت سعودی عرب، ملائیشیا، مالدیپ، مراکش، نیپال، قطر، سری لنکا، ترکی، امریکا اور ازبکستان شامل ہیں، جبکہ انڈونیشیا، میانمار اور تھائی لینڈ بطور مبصر شریک ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مشق میں پاک فوج اور پاک بحریہ کی 16 ملکی ٹیمیں اور پاک فضائیہ کے مبصرین بھی شامل ہیں۔
پاکستان آرمی ٹیم اسپرٹ ایک مشن مخصوص اور ٹاسک پر مبنی پیشہ ورانہ فوجی مشق ہے جو ہر سال پاکستان میں منعقد کی جاتی ہے، یہ مشق جسمانی و ذہنی صحت اور فوجی مہارت کے اعلیٰ معیار کی متقاضی ہے اور قریب حقیقی آپریشنل ماحول میں چیلنجنگ حکمت عملی کے مشن انجام دیتے ہوئے تیز فیصلہ سازی پر توجہ مرکوز کرتی ہے۔
مشق کا مقصد ٹیم اسپرٹ کے ذریعے استقامت کو فروغ دینا اور جدید نظریات و بہترین طریقوں کے تبادلے کے ذریعے شریک افواج کے درمیان باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانا ہے۔

