وزیراعظم ہاؤس میں قازقستان کے صدر کا پرتپاک استقبال، 19 مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکایووف کا وزیراعظم ہاؤس آمد پر پرتپاک استقبال کیا جہاں معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے۔

وزیراعظم نے صدر قازقستان سے وفاقی کابینہ کے ارکان کا تعارف کروایا جبکہ صدر قاسم جومارت نے اپنے وفد کے اراکین سے وزیراعظم کو متعارف کرایا۔

اس موقع پر صدر قازقستان کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب منعقد کی گئی جس میں دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام اور سفارتی وفود نے شرکت کی۔

استقبالیہ تقریب کے بعد وزیراعظم شہباز شریف اور صدر قازقستان کے درمیان اہم ملاقات ہوئی جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور باہمی روابط کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔

ملاقات کے بعد پاکستان اور قازقستان کے درمیان تعاون کو وسعت دینے کے لیے مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی جہاں دونوں رہنماؤں نے مشترکہ اعلامیے پر بھی دستخط کیے۔

تقریب کے دوران مختلف شعبوں میں تعاون سے متعلق 19 مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں کی دستاویزات کا تبادلہ کیا گیا جن میں اقوام متحدہ کے امن دستوں سے متعلق تعاون، کان کنی اور پیٹرولیم، میری ٹائم سیکٹر، کسٹمز، ریلوے، ٹرانزٹ ٹریڈ، قیدیوں کے تبادلے، پلانٹ پروٹیکشن اور ویٹرنری کے شعبے شامل ہیں۔

اس کے علاوہ موسمیاتی تبدیلی، ورچوئل اثاثوں، مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل ترقی کے شعبوں میں تعاون سے متعلق مفاہمتی یادداشتوں کا بھی تبادلہ کیا گیا جسے مستقبل کے تکنیکی اور ڈیجیٹل تعاون کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

تقریب میں وزیر دفاع خواجہ آصف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال بھی شریک تھے

حکام کے مطابق یہ معاہدے پاکستان اور قازقستان کے درمیان تجارتی، تکنیکی اور سفارتی تعاون کو نئی جہت دیں گے۔