بلوچستان کے دہشتگرد افغانستان اور بھارت کے ایجنٹ ہیں, بلوچ عوام کے ساتھ مل کر دہشتگردی کو شکست دیں گے: خواجہ آصف

اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بلوچستان میں سرگرم دہشتگرد افغانستان کے ایجنٹ ہیں اور جنگ میں شکست کے بعد بھارت پراکسیز کے ذریعے پاکستان کے خلاف جارحیت کر رہا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ وفاقی حکومت عام بلوچ عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور بلوچ قوم کی مدد سے اس پراکسی جنگ میں افغانستان اور بھارت کو شکست دی جائے گی۔

پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو اور قومی اسمبلی اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ یہ عناصر ریاست کو بلیک میل کرنا چاہتے ہیں اور دشمنوں کی پشت پناہی سے پاکستان پر حملے کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ دہائیوں میں بلوچستان میں ترقی ہوئی، سڑکیں اور تعلیمی ادارے بنے، جمہوری کلچر بلوچ قوم کا حق ہے اور اپنے وسائل پر مکمل اختیار بھی بلوچوں کا ہونا چاہیے۔

وزیر دفاع نے کہا کہ اگر وسائل سے چند لوگ فائدہ اٹھا رہے ہیں تو وفاقی حکومت عام لوگوں کے ساتھ کھڑی ہے اور بلوچستان میں دہشتگردی کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ دنیا جانتی ہے کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو پاکستان کی کسٹڈی میں ہے اور پاکستان میں دہشتگردانہ حملوں میں بھارت کے ملوث ہونے کے شواہد موجود ہیں۔

قومی اسمبلی میں خطاب کے دوران خواجہ آصف نے انکشاف کیا کہ بلوچستان میں تیل سمیت مختلف اشیا کی اسمگلنگ کے ذریعے دہشتگرد روزانہ اربوں روپے کماتے ہیں، ایران سے سستا تیل لا کر مہنگے داموں فروخت کیا جاتا ہے اور اسمگلنگ روکے جانے پر یہ عناصر امن و امان خراب کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کو افغانستان سے ہوا دی جا رہی ہے، ان کے سربراہ وہاں موجود ہیں اور بھارت کی پشت پناہی حاصل ہے۔

وزیر دفاع نے مزید کہا کہ بی ایل اے اسمگلروں کو تحفظ فراہم کرنے والی چوروں کی آرمی ہے، خواتین اور بچوں پر حملہ کرنے والوں سے کوئی مذاکرات نہیں ہوں گے اور دہشتگردوں و ان کے سہولت کاروں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔