شہباز شریف-سہیل آفریدی ملاقات: وزیراعظم کا کے پی حکومت سے انسداد دہشتگردی ادارے مضبوط کرنے کا مطالبہ

اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف سے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی ملاقات ہوئی جس میں صوبے کی سیکیورٹی صورتحال، انسداد دہشتگردی اقدامات اور ترقیاتی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے واضح کیا کہ خیبر پختونخوا میں قیامِ امن کیلئے وفاقی و صوبائی حکومتوں کا قریبی تعاون ناگزیر ہے اور صوبائی حکومت اپنی آئینی ذمہ داریوں کے تحت انسداد دہشتگردی کیلئے اداروں کو مزید مضبوط کرے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت بااختیار ہے، لہٰذا عوامی فلاح، صحت اور تعلیم کے شعبوں میں مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ وفاقی حکومت اپنے دائرہ اختیار کے مطابق خیبر پختونخوا میں ترقیاتی منصوبوں، تعلیم، صحت اور روزگار کے مواقع بڑھانے کیلئے مکمل تعاون جاری رکھے گی۔

ملاقات میں اس امر پر بھی اتفاق کیا گیا کہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے وفاق اور صوبہ مشترکہ کاوشیں جاری رکھیں گے، جبکہ باہمی مشاورت اور اشتراکِ عمل سے قومی یکجہتی، استحکام اور خوشحالی کے اہداف حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

اجلاس میں متعلقہ وفاقی و صوبائی شخصیات بھی موجود تھیں۔