بلوچستان میں امن پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیا جائے گا: وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی

وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے واضح کیا ہے کہ صوبے میں امن پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور شہدا کے لواحقین سے وعدہ ہے کہ خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ نے کوئٹہ میں بم دھماکے کے مقام کا دورہ کیا، سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا اور پولیس و سی ٹی ڈی کے بروقت اور مؤثر ردعمل پر بہادر جوانوں کو شاباش دی۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گرد عناصر کے خلاف فوری رسپانس قابلِ ستائش ہے، ریاست دشمن عناصر کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا اور بلوچستان میں امن ہر حال میں یقینی بنایا جائے گا۔

سرفراز بگٹی نے بتایا کہ صبح فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں نے مختلف علاقوں میں حملوں کی کوشش کی، تاہم بلوچستان پولیس اور ایف سی کے جوانوں نے تمام حملے ناکام بنا دیے۔

انہوں نے کہا کہ ریاست آخری دہشت گرد کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھے گی، گزشتہ 12 ماہ میں بلوچستان میں 700 سے زائد دہشت گردوں کو انجام تک پہنچایا گیا جبکہ گزشتہ دو روز میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں 70 دہشت گرد مارے گئے۔

بعد ازاں وزیراعلیٰ نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے ہمراہ شہدا کے لواحقین سے ملاقات کی، اس موقع پر وہ آبدیدہ ہو گئے اور کہا کہ شہدا کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔

دریں اثنا وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی ہنگامی دورے پر کوئٹہ پہنچے جہاں کور ہیڈکوارٹرز میں انہیں فتنہ الہندوستان کے حالیہ دہشت گرد حملوں اور مجموعی سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ میں وزیراعلیٰ بلوچستان اور کورکمانڈر بلوچستان بھی شریک تھے۔

وزیر داخلہ نے سیکیورٹی فورسز کی بروقت اور مؤثر کارروائیوں کو سراہا اور دہشت گرد حملوں میں شہید ہونے والے اہلکاروں اور شہریوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گی۔