ترکیے کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل سلجوق بائرکتار اولو کا پاکستان کے ساتھ تربیت، مشترکہ فوجی مشقوں اور صلاحیت بڑھانے کے شعبوں میں تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ترک چیف آف جنرل اسٹاف نے جنرل ہیڈکوارٹرز راولپنڈی کا دورہ کیا جہاں ان کی آمد پر پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل سلجوق بائرکتار اولو نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی جس میں دفاعی و عسکری تعاون، باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی و عالمی سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں پاک ترکیہ دفاعی اور فوجی تعاون کو مزید مضبوط بنانے، قریبی رابطے برقرار رکھنے اور اسٹریٹجک شراکت داری کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان اور ترکیہ کے دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات تاریخی روابط، باہمی اعتماد اور عوامی سطح پر مضبوط رشتوں پر قائم ہیں۔
انہوں نے ترک مسلح افواج کی جانب سے تعاون اور حمایت کو سراہا اور ترکیہ کے ساتھ مضبوط عسکری تعلقات کے عزم کا اعادہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ترک چیف آف جنرل اسٹاف نے شاندار میزبانی اور پرتپاک استقبال پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ مہارت، نظم و ضبط اور صلاحیتوں کی تعریف کی۔
انہوں نے تربیت، مشترکہ مشقوں اور دفاعی تعاون کے مختلف شعبوں میں اشتراک مزید بڑھانے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ یہ دورہ پاک ترکیہ اسٹریٹجک شراکت داری کی عکاسی کرتا ہے اور خطے میں امن، استحکام اور سلامتی کے لیے دونوں ممالک کے مشترکہ عزم کا واضح ثبوت ہے۔

