14 سال بعد پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان براہ راست فضائی رابطہ بحال، بیمان ایئر کی پرواز کراچی پہنچ گئی
کراچی: پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان 14 سال کے طویل وقفے کے بعد براہ راست فضائی رابطہ بحال ہوگیا، بنگلادیش کی قومی ایئرلائن بیمان ایئر کی پہلی پرواز ڈھاکا سے کراچی ایئرپورٹ پر لینڈ کرگئی۔
پرواز کی آمد پر خصوصی انتظامات کیے گئے اور طیارے کو واٹر سلیوٹ پیش کیا گیا، جبکہ کراچی ایئرپورٹ پر ایک خصوصی تقریب کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں گورنر سندھ، بنگلادیشی ہائی کمشنر اور ایئرپورٹ حکام نے شرکت کی۔
اس موقع پر جذباتی مناظر دیکھنے میں آئے اور پاکستان میں مقیم بنگالی کمیونٹی نے خوشی کا اظہار کیا کہ اب وہ کم خرچ اور کم وقت میں اپنے پیاروں سے ملنے بنگلادیش جا سکیں گے۔
حکام کے مطابق ڈھاکا اور کراچی کے درمیان براہ راست پرواز کا دورانیہ تقریباً 3 گھنٹے ہے، جبکہ ماضی میں براہ راست پروازیں بند ہونے کے باعث مسافروں کو دبئی کے راستے مہنگا اور طویل سفر کرنا پڑتا تھا۔
براہ راست فضائی رابطے کی بحالی سے دونوں ممالک کے درمیان سفری سہولت میں اضافہ ہوگا، وقت اور اخراجات کی بچت ممکن ہوگی اور تجارتی، سیاحتی و عوامی روابط کو فروغ ملنے کی توقع ہے۔

