ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز (ڈی جی پی آر) نیوی کے مطابق پاک بحریہ نے کثیرالقومی کمبائنڈ ٹائم ٹاسک فورس 150 (CTF-150) کی کمان 14ویں مرتبہ سنبھال لی۔
کمان کی تبدیلی کی تقریب بحرین میں کمبائنڈ میری ٹائم فورسز کے ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہوئی، جہاں پاک بحریہ کے کموڈور محمد یاسر طاہر نے رائل سعودی نیول فورسز کے کموڈور فہد ایس الجوید سے کمان وصول کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کموڈور محمد یاسر طاہر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ان کی ٹیم خطے میں بحری تحفظ اور استحکام کے فروغ کے لیے اس اہم ذمہ داری کو بھرپور انداز میں نبھانے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور بحری حدود میں غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے ساتھ ساتھ اہم سمندری گزرگاہوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے گا۔
واضح رہے کہ سی ٹی ایف-150 کمبائنڈ میری ٹائم فورسز کے تحت کام کرنے والی پانچ ٹاسک فورسز میں سے ایک ہے جس کا مشن بحر ہند، بحیرہ عرب اور خلیج عمان میں ہتھیاروں، منشیات اور دیگر غیر قانونی سامان کی اسمگلنگ میں ملوث غیر ریاستی عناصر کے خلاف کارروائیاں کرنا ہے۔
یاد رہے کہ رائل سعودی نیول فورسز کی کمان کے دوران پاک بحریہ کے جہازوں کی جانب سے انسدادِ منشیات کے کامیاب آپریشنز علاقائی امن و سلامتی کے لیے پاک بحریہ کے پختہ عزم کا ثبوت ہیں۔
تقریب میں بحرین میں پاکستان کے سفیر ثاقب رؤف، کمانڈر کمبائنڈ میری ٹائم فورسز وائس ایڈمرل کرٹ اے رینشا، کمانڈر رائل بحرین نیول فورس ریئر ایڈمرل احمد محمد ابراہیم ال بن علی اور دیگر شراکت دار بحری افواج کے نمائندوں نے شرکت کی۔

