روضہ رسول ﷺ پر حاضری کیلئے پارلیمانی وفد سرکاری خرچ پر بھجوایا جائے گا، قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور کی سفارش
اسلام آباد میں قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور نے روضہ رسول ﷺ پر حاضری کے لیے پارلیمانی وفد کو سرکاری خرچ پر سعودی عرب بھیجنے کی سفارش کر دی ہے۔
چیئرپرسن شگفتہ جمانی کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ یہ وفد پاکستانی عوام کی نمائندگی کرتے ہوئے روضہ رسول ﷺ پر سلام عرض کرے گا۔
کمیٹی کے مطابق، ایسا وفد ماضی میں بھی عوام کی جانب سے سلام پیش کرنے جا چکا ہے اور آئندہ ہر سال مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ کا دورہ کیا جائے گا۔
سفارش میں کہا گیا کہ وفد کے ارکان کے اہلِ خانہ ہمراہ جا سکیں گے تاہم ان کے اخراجات خود برداشت کرنا ہوں گے، جبکہ وفد عوام کی طرف سے عمرہ بھی ادا کرے گا۔
وفد کی تعداد سات کے بجائے دس کرنے کی تجویز منظور کی گئی اور ارکان کی نامزدگی اسپیکر قومی اسمبلی کریں گے، اسپیکر کی عدم موجودگی میں چیئرمین قائمہ کمیٹی وفد کی سربراہی کریں گے۔
کمیٹی نے یہ بھی سفارش کی کہ سعودی عرب میں پاکستان ہاؤس کی تعمیر تک وفد کو سرکاری خرچ پر ہوٹل میں ٹھہرایا جائے اور اسے اسٹیٹ گیسٹ قرار دینے کے لیے دفتر خارجہ کا نمائندہ شامل کیا جائے۔
وزیر مذہبی امور سردار یوسف نے کمیٹی کی تجاویز کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ یہ وفد قوم کے لیے اعزاز ہوگا اور وزارت مذہبی امور، پاکستان حج ڈائریکٹوریٹ جدہ کے ذریعے میڈیکل، ٹرانسپورٹ اور دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

