بلوچستان کے ضلع پنجگور میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع کی بنیاد پر آپریشن کرتے ہوئے بھارتی پراکسی فتنۃ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے تین دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا، جس کے بعد شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور تینوں دہشت گرد مارے گئے۔
ہلاک ہونے والوں میں مقامی کمانڈر فاروق عرف سورو، عدیل اور وسیم شامل ہیں، جو علاقے میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔
سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کر لیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں کسی بھی ممکنہ بھارتی اسپانسرڈ دہشت گرد کی موجودگی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، جبکہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے نیشنل ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظور کردہ عزم استحکام وژن پر عمل کرتے ہوئے ملک سے بیرونی اسپانسرڈ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔

