بلوچستان کے ضلع مستونگ کے علاقے دشت میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق، ہلاک ہونے والے دہشت گرد کوئٹہ۔سبی قومی شاہراہ کو بند کرکے سکیورٹی فورسز اور عام شہریوں کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے، تاہم بروقت کارروائی سے بڑا نقصان ٹال دیا گیا۔
کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے پانچ ایس ایم جیز/کلاشنکوف، سات دستی بم اور تین موٹر سائیکلیں برآمد ہوئیں۔ ہلاک دہشت گردوں کی لاشیں شناخت اور قانونی کارروائی کے لیے مستونگ کے مقامی اور سول اسپتال منتقل کردی گئیں۔
ترجمان کے مطابق، دیگر فرار ہونے والے دہشت گردوں کے تعاقب میں آپریشن جاری ہے جبکہ واقعے کا مقدمہ سی ٹی ڈی تھانے میں درج کرلیا گیا ہے۔
ادھر وزیراعلیٰ بلوچستان نے سی ٹی ڈی کی کامیاب کارروائی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے میں امن و امان کے قیام کے لیے دہشت گردی کے خاتمے تک بلا تعطل کارروائیاں جاری رہیں گی اور ریاست پوری قوت کے ساتھ عوام کے تحفظ کو یقینی بنائے گی۔

