پاک فضائیہ کا ایف-16 دستہ کثیر ملکی فضائی مشق ’’اسپیئرز آف وکٹری 2026‘‘ میں شرکت کے لیے سعودی عرب پہنچ گیا

پاکستان فضائیہ کا ایف-16 بلاک 52 جنگی طیاروں پر مشتمل دستہ فضائی و زمینی عملے کے ہمراہ سعودی عرب کے کنگ عبدالعزیز ایئر بیس پہنچ گیا ہے جہاں وہ ملٹی نیشنل فضائی جنگی مشق ’’اسپیئرز آف وکٹری 2026‘‘ میں شرکت کرے گا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، اس مشق میں سعودی عرب، پاکستان، امریکا، برطانیہ، فرانس، اٹلی، یونان، قطر، بحرین اور اردن سمیت 10 سے زائد ممالک کی فضائی افواج شریک ہیں۔

مشق جدید اور ٹیکنالوجی سے بھرپور جنگی ماحول میں منعقد کی جا رہی ہے جس میں بڑی فضائی قوت کی تعیناتی، نائٹ آپریشنز، مربوط آئی ایس آر اور جدید الیکٹرانک وارفیئر جیسے پہلو شامل ہیں۔

پاک فضائیہ کے پائلٹس جدید ایویونکس اور بی وی آر صلاحیتوں سے لیس ایف-16 بلاک 52 طیاروں کے ذریعے غیر ملکی جدید جنگی طیاروں کے خلاف عملی مشق کریں گے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان سے سعودی عرب تک طویل فاصلے کی نان اسٹاپ پرواز نے پی اے ایف کی آپریشنل رسائی اور جنگی صلاحیتوں کا عملی ثبوت دیا ہے، جبکہ اس مشق میں شرکت علاقائی و بین الاقوامی عسکری تعاون کے فروغ اور پیشہ ورانہ مہارت کے مزید نکھار کا مظہر ہے۔