محمود خان اچکزئی قومی اسمبلی کے قائدِ حزبِ اختلاف مقرر، نوٹیفکیشن جاری

اسلام آباد: اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے قائد محمود خان اچکزئی کو قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف مقرر کر دیا گیا ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے تقرری کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا، جس کے مطابق یہ تقرری قومی اسمبلی بزنس رولز کے تحت 16 جنوری 2026 سے نافذ العمل ہوگی۔

قائدِ حزبِ اختلاف کا منصب سابق اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان کی 9 مئی کیس میں نااہلی کے بعد خالی ہوا تھا۔

محمود خان اچکزئی کو بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی نامزدگی اور اپوزیشن کے اراکین کے دستخطوں کی بنیاد پر اس عہدے کے لیے منتخب کیا گیا۔

قومی اسمبلی اجلاس کے دوران اسپیکر نے نوٹیفکیشن کے اجرا کا اعلان کیا، بعد ازاں پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان اور رہنما عامر ڈوگر کو نوٹیفکیشن حوالے کیا گیا۔

قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے گزٹ نوٹیفکیشن کے لیے پرنٹنگ کارپوریشن کو مراسلہ بھیج دیا ہے، جس کی نقول صدر، وزیراعظم، کابینہ، وزارت پارلیمانی امور اور دیگر متعلقہ اداروں کو ارسال کی جائیں گی۔

اس موقع پر اپوزیشن رہنماؤں نے محمود خان اچکزئی کو مبارک باد دی، جبکہ امیر جمعیت علمائے اسلام مولانا فضل الرحمن نے بھی ٹیلی فونک رابطہ کر کے انہیں قائدِ حزبِ اختلاف بننے پر مبارک باد پیش کی اور اسے ایک نیک شگون قرار دیا۔