خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی دو کارروائیاں، 13 بھارتی حمایت یافتہ خوارج ہلاک

خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر دو مختلف کارروائیوں میں بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 13 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، 13 اور 14 جنوری کو اضلاع بنوں اور کرم میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے۔

بنوں میں کارروائی کے دوران خوارج کے ٹھکانوں کو مؤثر طور پر نشانہ بنایا گیا جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 8 خوارج مارے گئے، جبکہ ضلع کرم میں ایک اور کارروائی کے دوران 5 خوارج ہلاک کیے گئے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقوں میں ممکنہ طور پر موجود دیگر بھارتی سرپرستی یافتہ خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سرچ آپریشنز جاری ہیں۔

قومی ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی سے منظور شدہ وژن ’’عزمِ استحکام‘‘ کے تحت پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک اپنی کارروائیاں جاری رکھیں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کامیاب آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز کی پزیرائی کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف اس جنگ میں پوری قوم اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ملک سے دہشتگردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہے۔