چین کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے، سی پیک کا دوسرامرحلہ شروع کر رہے ہیں، چینی نائب وزیر سن ہائی یان

اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف نے کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے بین الاقوامی شعبے کی نائب وزیر سن ہائی یان سے ملاقات کے دوران اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات ہر حال میں غیر متزلزل رہیں گے اور پاکستان ایک چین پالیسی پر اپنے غیر متزلزل مؤقف پر قائم ہے۔

وزیراعظم نے چینی وفد کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ یہ ملاقات ایک نہایت اہم موقع پر ہو رہی ہے کیونکہ دونوں ممالک سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔

انہوں نے صدر شی جن پنگ اور چینی قیادت کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان فولاد کی طرح مضبوط اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری وقت کے ساتھ مزید مستحکم ہو رہی ہے۔

وزیراعظم نے چین کی جانب سے پاکستان کے لیے فراخدلانہ معاونت خصوصاً پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت تعاون کو سراہا اور سی پیک کے دوسرے مرحلے کے بروقت اور مؤثر نفاذ پر زور دیا۔

انہوں نے صدر شی جن پنگ کو رواں سال پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت کا بھی اعادہ کیا اور کہا کہ یہ سال دونوں ممالک کے لیے ایک تاریخی سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔

چینی نائب وزیر سن ہائی یان نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان کو ایک دیرینہ اور آزمودہ دوست سمجھتا ہے اور تمام شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے پاکستان میں اقتصادی اور سیاسی استحکام کے لیے وزیراعظم کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ چین کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے۔

میڈیا سے گفتگو میں سن ہائی یان نے بتایا کہ سی پیک کا پہلا مرحلہ انتہائی کامیاب رہا ہے اور اب دوسرے مرحلے کا آغاز کیا جا رہا ہے جو زیادہ جامع اور پیچیدہ ہے، اس مرحلے میں مزید شراکت داروں کو شامل کیا جائے گا اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ چین نے پاکستان میں انڈسٹریل پارکس، اسکولز اور دیگر منصوبے مکمل کیے ہیں جبکہ مزید منصوبوں پر کام جاری ہے، 30 ہزار سے زائد پاکستانی طلبہ چین میں اسکالرشپس پر زیر تعلیم ہیں، پاکستان میں 100 اسپتال بنائے جا رہے ہیں، 80 ہزار میڈیکل ڈیوائسز فراہم کی جا رہی ہیں اور ڈاکٹرز و نرسز کو تربیت دی جا رہی ہے۔

سن ہائی یان نے کہا کہ چین نے گزشتہ پانچ برسوں میں نمایاں معاشی ترقی کی، لاکھوں افراد کو غربت سے نکالا اور آمدنی میں 30 فیصد اضافہ کیا، اب چین اپنی مارکیٹ مزید کھول رہا ہے تاکہ پاکستان سمیت دیگر ممالک کو تجارتی مواقع میسر آ سکیں۔