معرکۂ حق کے بعد پاکستانی لڑاکا طیاروں کی عالمی مانگ میں اضافہ ہوا، وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ معرکۂ حق میں کامیابی کے بعد پاکستان کے لڑاکا طیاروں کی عالمی سطح پر مانگ میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور کئی ممالک ان طیاروں کے حصول کے لیے پاکستان سے رابطے میں ہیں، جس سے ملکی معیشت کو براہِ راست فائدہ پہنچے گا۔

وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا جس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور دہشت گردی کا مکمل صفایا کرکے ہی دم لیں گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے کم عرصے میں معاشی میدان میں نمایاں پیشرفت حاصل کی ہے، معاشی استحکام حاصل ہوچکا ہے اور اب ترقی کے اگلے مرحلے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

وزیراعظم نے ورلڈ لبرٹی فنانشل کے ساتھ ڈیجیٹل ادائیگیوں سے متعلق مفاہمتی یادداشت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس معاہدے سے ملکی معیشت کو مزید تقویت ملے گی۔

وفاقی کابینہ اجلاس میں پرائیویٹ حج پالیسی 2027-2030 کے مسودے کو مزید غور و خوض کے لیے حج پالیسی کمیٹی کو بھجوانے کی ہدایت دی گئی اور کابینہ کمیٹی برائے توانائی کے 24 دسمبر 2025 اور اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 23 دسمبر 2025 کے اجلاسوں میں کیے گئے فیصلوں کی توثیق بھی کی گئی۔