حکومت کا نئے کرنسی نوٹ متعارف کرانے کا فیصلہ، وفاقی کابینہ نے منظوری دے دی

وفاقی حکومت نے نئے کرنسی نوٹ چھاپنے کا فیصلہ کر لیا ہے جس کی منظوری وفاقی کابینہ نے دے دی، جبکہ کرنسی نوٹوں کے نئے ڈیزائن پر غور و خوض کے لیے کابینہ کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزارت خزانہ نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے جاری کردہ بینک نوٹوں کے نئے ڈیزائن سے متعلق بریفنگ دی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ نئے کرنسی نوٹ جدید عصری تقاضوں کے مطابق ڈیزائن کیے جا رہے ہیں اور اس مقصد کے لیے بین الاقوامی ماہرین کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔

بریفنگ کے مطابق 100، 500، 1000 اور 5000 روپے مالیت کے نئے ڈیزائن کے بینک نوٹ متعارف کرائے جائیں گے جن میں پہلے سے زیادہ مضبوط اور جدید سیکیورٹی فیچرز شامل ہوں گے۔

نئے ڈیزائن میں پاکستان کے علاقائی اور جغرافیائی تنوع، تاریخی یادگاروں، خواتین کے قومی ترقی میں کردار اور ماحولیاتی تبدیلی جیسے اہم معاشرتی موضوعات کو بھی اجاگر کیا جائے گا۔

وفاقی کابینہ نے کرنسی نوٹوں کے نئے ڈیزائن پر مزید مشاورت کے لیے کابینہ کمیٹی قائم کرنے کی منظوری دی۔