قلات میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی، بھارتی اسپانسرڈ 4 دہشت گرد ہلاک

سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع قلات میں خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے بھارتی پراکسی تنظیم فتنۃ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے چار دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، 12 جنوری کو انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا جس کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا۔

شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد بھارت کے اسپانسرڈ چار دہشت گرد مارے گئے جو علاقے میں متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھے۔

کارروائی کے دوران، دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، علاقے میں کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی دوسرے بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔

بیان میں کہا گیا کہ وفاقی ایپکس کمیٹی کی ہدایت اور نیشنل ایکشن پلان کے تحت منظور شدہ وژن عزمِ استحکام کے مطابق پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک بلا امتیاز کارروائیاں جاری رکھیں گے۔