اسلام آباد: سابق وزیراعظم اور پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کا حکومتی اتحاد میں رہنا پاکستان کے مفاد میں ہے اور آرڈیننس کے معاملے پر قومی اسمبلی سے واک آؤٹ کا حکومت کی جانب سے نوٹس لینا خوش آئند اقدام ہے۔
پیپلزپارٹی کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کی صدارت چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بذریعہ زوم کی، جس میں اسپیشل اکنامک زون ترمیمی آرڈیننس پر پارٹی مؤقف، آئندہ حکمتِ عملی اور ترقیاتی منصوبوں کے فنڈز سے متعلق اراکین کی شکایات پر مشاورت کی گئی۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ حکمران اتحاد میں مکمل یکجہتی کی فضا ہے اور یہ یکجہتی ملک کے مفاد میں ہے، پیپلزپارٹی اتحادی جماعت ہے اس لیے اپوزیشن لیڈر کا عہدہ پیپلزپارٹی کے پاس نہیں ہوگا، تاہم قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کی تعیناتی کا معاملہ حل ہو جائے گا۔
انہوں نے پی ٹی آئی سمیت تمام سیاسی جماعتوں پر زور دیا کہ وہ قومی مفاد میں فیصلے کریں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پیپلزپارٹی نے صدرِ مملکت آصف علی زرداری کے دستخط کے بغیر اسپیشل اکنامک زونز ترمیمی آرڈیننس جاری کرنے پر ایوان سے واک آؤٹ کیا تھا، جس کے بعد حکومت نے نوٹس لیتے ہوئے آرڈیننس واپس لے لیا۔

