سہیل آفریدی نے افغان حکومت کا ترجمان بن کر جھوٹ اور منافقت کی انتہا کر دی، عطا تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے ایک بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ سہیل آفریدی نے افغان حکومت کا ترجمان بن کر جھوٹ اور منافقت کی انتہا کر دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق، عطا تارڑ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا آج افغانستان کے ترجمان کے طور پر بات کر رہے تھے جو انتہائی قابلِ مذمت اور شرمناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ پوری دنیا افغان طالبان رجیم کی جانب سے دہشت گردوں کی پشت پناہی کے ناقابلِ تردید شواہد دیکھ چکی ہے اور افغان سرزمین کے پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے کے ثبوت بھی سامنے آ چکے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ سہیل آفریدی نے جھوٹ اور منافقت کی تمام حدیں عبور کر لی ہیں، جبکہ پاکستانی قوم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔

عطا تارڑ نے الزام عائد کیا کہ تحریکِ انتشار سے وابستہ عناصر جب بھی بولتے ہیں، دہشت گردوں کی سہولت کاری کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی ترقی فتنۃ الخوارج کو قابل قبول نہیں، اسی لیے ملک کو نشانہ بنایا جاتا ہے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔