نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے ملک بھر میں بجلی کے بنیادی ٹیرف سے متعلق وفاقی حکومت کی درخواست منظور کرلی ہے، جس کے تحت کے الیکٹرک سمیت پورے ملک کے لیے بنیادی ٹیرف برقرار رکھا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، نیپرا نے یکساں بنیادی ٹیرف پر حکومتی مؤقف کی توثیق کرتے ہوئے فیصلہ حکومت کو بھجوا دیا ہے، جس کے بعد وفاقی حکومت باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کرے گی۔
نیپرا اعلامیے کے مطابق، نئے ٹیرف کا اطلاق یکم جنوری 2026 سے ہوگا۔ گھریلو صارفین کے لیے بجلی کا زیادہ سے زیادہ بنیادی ٹیرف 47.69 روپے فی یونٹ برقرار رکھا گیا ہے، جبکہ ایک سے 100 یونٹ تک پروٹیکٹڈ صارفین کے لیے ٹیرف 10.54 روپے اور 101 سے 200 یونٹ تک کے صارفین کے لیے 13.01 روپے فی یونٹ برقرار رہے گا۔
نیپرا میں ہونے والی سماعت کے دوران پاور ڈویژن نے مؤقف اختیار کیا کہ سبسڈی میں مناسب ایڈجسٹمنٹ اور انرجی مکس میں بہتری کے باعث اوسط بنیادی ٹیرف میں اضافے کی ضرورت نہیں رہی۔
حکام کے مطابق، جولائی سے اب تک پیداواری لاگت میں کمی آئی ہے جس سے صارفین کو ریلیف فراہم کرنا ممکن ہوا، جبکہ اس وقت ملک بھر کے بجلی صارفین کو مجموعی طور پر 629 ارب روپے کی سبسڈی دی جا رہی ہے۔

