راولپنڈی میں جنرل ہیڈکوارٹرز میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے جمہوریہ انڈونیشیا کے وزیرِ دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) سجافری سجامسودین نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان دوطرفہ دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور کے ساتھ بدلتی ہوئی علاقائی اور عالمی سکیورٹی صورتحال پر بھی گفتگو ہوئی۔
دونوں رہنماؤں نے ادارہ جاتی روابط کے استحکام، تربیتی تعاون، دفاعی صنعت میں شراکت داری اور دفاعی صنعتی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔
انڈونیشی وزیرِ دفاع نے پاک افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں دی گئی قربانیوں کا اعتراف کیا اور مختلف شعبوں میں پاکستان کے ساتھ دفاعی تعلقات مزید بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس موقع پر مشترکہ اقدار، باہمی احترام اور اسٹریٹجک مفادات کی بنیاد پر انڈونیشیا کے ساتھ مضبوط، پائیدار اور دیرپا دفاعی تعلقات کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔
ملاقات کے اختتام پر دونوں ممالک نے باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے اور علاقائی امن و سلامتی کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔

