ٹانک میں پولیس اے پی سی پر حملہ، ایڈیشنل ایس ایچ او سمیت 7 شہید

خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک میں تھانہ گومل بازار کی بکتر بند گاڑی کے قریب ریموٹ کنٹرول بم دھماکے کے نتیجے میں 6 پولیس اہلکاروں سمیت 7 افراد شہید ہوگئے۔

پولیس کے مطابق، بکتر بند گاڑی تھانہ گومل سے ٹانک کی جانب جا رہی تھی کہ گومل بازار روڈ پر نصب بم کو ریموٹ کے ذریعے دھماکے سے اڑا دیا گیا، جس سے گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔

شہدا میں تھانہ گومل کے ایڈیشنل ایس ایچ او اسحاق احمد خان، اے ایس آئی شیر اسلم خان، ڈرائیور عبدالمجید، ارشد علی، حضرت علی اور احسان اللہ شامل ہیں، جبکہ ایک راہگیر بھی جانبر نہ ہو سکا۔

واقعے کے بعد ریسکیو اور سیکیورٹی فورسز نے موقع پر پہنچ کر لاشوں کو اسپتال منتقل کیا اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہدا کے اہلِ خانہ سے تعزیت کی اور واقعے کی فوری تحقیقات کا حکم دیا، ساتھ ہی ذمہ دار دہشتگردوں کو منطقی انجام تک پہنچانے کے عزم کا اظہار کیا۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے بھی واقعے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ شہید پولیس اہلکاروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

ادھر گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اعلیٰ حکام سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

اسی دوران لکی مروت میں ایک الگ آئی ای ڈی دھماکے میں ایس ایچ او سمیت 3 پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے، جس پر سیکیورٹی الرٹ مزید بڑھا دیا گیا ہے۔