پاک بحریہ کے جہازوں کا عمان کا دورہ، مشترکہ بحری مشق

پاک بحریہ کے جہاز راہ نورد، مددگار اور پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے جہاز کشمیر نے پورٹ سلطان قابوس، مسقط، عمان کا دورہ کیا جہاں عمانی حکام نے جہازوں کا پرتپاک استقبال کیا۔

دورے کے دوران، مشن کمانڈر کموڈور عامر اقبال نے کمانڈنگ آفیسرز کے ہمراہ رائل نیوی آف عمان کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کیں جن میں قائم مقام کمانڈر، ڈی جی آپریشنز اینڈ پلانز، کمانڈر میری ٹائم سیکیورٹی سینٹر، کمانڈر سید بن سلطان نیول بیس اور کمانڈنٹ سلطان قابوس نیول اکیڈمی شامل تھے۔

ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور، بحری افواج کے روابط اور میری ٹائم سیکیورٹی میں تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

رائل نیوی آف عمان کے افسران اور مڈ شپ مین نے جہازوں کا دورہ کیا جبکہ بندرگاہ پر قیام کے دوران عمانی عسکری حکام، عام شہریوں، پاکستانی کمیونٹی اور پاکستان اسکول مسقط کے طلبہ نے بھی جہازوں کا مشاہدہ کیا۔

بعد ازاں، پاک بحریہ اور پی ایم ایس اے کے جہازوں نے رائل نیوی آف عمان کے جہاز خصب کے ساتھ مشترکہ بحری مشق میں حصہ لیا جس کا مقصد دوطرفہ تعاون، باہمی ہم آہنگی اور مشترکہ تربیتی مواقع کو فروغ دینا تھا۔

چونکہ پاکستان اور عمان سمندری پڑوسی ہیں اس لیے باقاعدہ پورٹ کالز اور مشترکہ مشقوں کے ذریعے یہ دورہ دونوں ممالک کی بحری افواج کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا باعث بنے گا۔