اسلام آباد کے سیکٹر جی سیون ٹو آبپارہ میں شادی کی تقریب کے دوران گیس لیکج کے باعث ہونے والے زور دار دھماکے میں دلہا دلہن سمیت 8 افراد جاں بحق اور 11 زخمی ہوگئے، دھماکے سے عمارت زمین بوس ہوگئی جبکہ قریبی 4 گھروں کو بھی نقصان پہنچا۔
چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کے مطابق، صبح 7 بج کر 20 منٹ پر دھماکے کی اطلاع ملی، جاں بحق ہونے والوں میں دلہا اور دلہن بھی شامل ہیں جبکہ زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے اور ایک زخمی کو برن سینٹر منتقل کیا گیا۔
ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق، دھماکا بظاہر گیس لیکج کے باعث ہوا، جس میں 3 مکانات مکمل طور پر تباہ اور 2 کو جزوی نقصان پہنچا، اموات جھلسنے اور ملبے تلے دبنے سے ہوئیں جبکہ جائے وقوعہ سے گیس پائپ لائن اور کنکشنز کے سیمپل اکٹھے کرلیے گئے ہیں۔
ریسکیو ٹیموں نے ملبے سے 19 افراد کو نکالا، علاقے کو کارڈن آف کرکے سرچ آپریشن کیا گیا، ڈی آئی جی اسلام آباد نے موقع پر کارروائی کی نگرانی کی جبکہ پمز اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی، سی ڈی اے نے متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن امداد کی یقین دہانی کرائی اور شہریوں سے سردیوں میں رات کے وقت گیس کے استعمال میں احتیاط کی اپیل کی۔

