بنگلادیش کے بعد اب عراق نے بھی جے ایف 17 تھنڈر لڑاکا طیاروں کی ممکنہ خریداری میں دلچسپی کا اظہار کر دیا ہے، جو پاکستان کی دفاعی سفارتکاری اور پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ ساکھ کا واضح ثبوت ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اس وقت سرکاری دورے پر عراق میں موجود ہیں، جہاں عراقی فضائیہ کے ہیڈکوارٹر آمد پر ان کا تاریخی اور شاندار استقبال کیا گیا اور چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کمانڈر عراقی فضائیہ لیفٹیننٹ جنرل اسٹاف پائلٹ مہند غالب محمد راضی الاسدی سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ عسکری تعاون، پیشہ ورانہ دلچسپی کے امور اور مستقبل کی شراکت داری پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں مشترکہ تربیت، صلاحیت میں اضافے، ایوی ایشن انڈسٹری میں تعاون اور دونوں فضائی افواج کے درمیان عملی ہم آہنگی کے فروغ پر خصوصی توجہ دی گئی۔
سربراہ پاک فضائیہ نے پاکستان اور عراق کے درمیان گہرے مذہبی، ثقافتی اور تاریخی روابط کو اجاگر کرتے ہوئے انہیں دونوں برادر ممالک اور ان کی مسلح افواج کے درمیان دیرپا تعلقات کی مضبوط بنیاد قرار دیا۔
انہوں نے تربیت اور مشترکہ صلاحیتوں میں اضافے کے شعبوں میں عراقی فضائیہ کی مکمل معاونت کے لیے پاک فضائیہ کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔
دونوں کمانڈرز نے باہمی آپریشنل ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے مشترکہ مشقوں اور تربیتی پروگرامز کے انعقاد پر بھی اتفاق کیا۔
عراقی فضائیہ کے کمانڈر نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت اور جدید، ٹیکنالوجی سے لیس فضائیہ کے طور پر اس کے کامیاب ارتقاء کو سراہا۔
انہوں نے پاک فضائیہ کے عالمی معیار کے تربیتی نظام کو تسلیم کرتے ہوئے عراقی فضائیہ کے لیے جدید اور مستقبل سے ہم آہنگ تربیتی ماڈل کی تشکیل میں پاکستان سے تعاون کی خواہش ظاہر کی۔
اس کے ساتھ ہی عراقی کمانڈر نے پائلٹس کے ایکسچینج پوسٹنگ پروگرام میں گہری دلچسپی ظاہر کی اور جے ایف 17 تھنڈر لڑاکا طیاروں کی ممکنہ خریداری، سپر مشاق تربیتی طیاروں کی شمولیت اور جامع دیکھ بھال و لائف سائیکل سپورٹ میں بھی دلچسپی کا اظہار کیا۔
عراقی ایئر چیف نے خطے میں استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہتے ہوئے باہمی تزویراتی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی خواہش ظاہر کی۔
یہ دورہ پاکستان اور عراق کے درمیان دفاعی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے، پیشہ ورانہ تعاون کو فروغ دینے اور دونوں فضائی افواج کے درمیان دیرپا روابط کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں بنگلادیش کے ایئر چیف نے بھی پاک فضائیہ کے سربراہ سے ملاقات کے دوران جے ایف 17 طیاروں کی ممکنہ خریداری پر بات چیت کی تھی۔

