خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی دو کارروائیاں، 11 بھارتی سرپرستی یافتہ خوارج ہلاک

راولپنڈی: خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز اور پولیس کی دو الگ الگ کارروائیوں کے دوران بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 11 خوارج ہلاک کر دیے گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، شمالی وزیرستان میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے میں 6 خوارج مارے گئے۔

دوسری کارروائی ضلع کرم میں پولیس اور سکیورٹی فورسز نے مشترکہ طور پر انجام دی، جس میں فائرنگ کے تبادلے کے دوران مزید 5 خوارج ہلاک ہوئے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مارے گئے خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا، جو سکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور معصوم شہریوں کے خلاف دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں میں استعمال ہوتا رہا۔

ترجمان کے مطابق، علاقے میں مزید کسی بھی بھارتی سرپرستی یافتہ خارجی کی موجودگی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سینیٹائزیشن کارروائیاں جاری ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ قومی ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظور شدہ حکمت عملی ’عزمِ استحکام‘ کے وژن کے مطابق سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے غیرملکی حمایت یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک اپنی انسداد دہشت گردی مہم پوری شدت کے ساتھ جاری رکھیں گے۔