2025 میں پاکستانیوں کی بیرون ملک ہجرت میں اضافہ، 7 لاکھ 62 ہزار افراد روانہ

اسلام آباد: بیورو آف امیگریشن کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، سال 2025 کے دوران 7 لاکھ 62 ہزار 499 پاکستانی روزگار کی غرض سے بیرون ملک گئے، جو سال 2024 کے مقابلے میں تقریباً 35 ہزار زیادہ ہیں۔ بیرون ملک جانے والوں میں 18 ہزار 352 اعلیٰ تعلیم یافتہ افراد شامل تھے جن میں ڈاکٹرز، انجینیئرز، نرسز، اکاؤنٹنٹس، منیجرز اور اساتذہ شامل ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق، 2025 میں 3 ہزار 795 ڈاکٹرز، 5 ہزار 946 انجینیئرز، 5 ہزار 659 اکاؤنٹنٹس، 11 ہزار 777 منیجرز، 1 ہزار 640 نرسز اور 1 ہزار 725 اساتذہ بیرون ملک ملازمت کیلئے گئے۔

اسی طرح 1 لاکھ 63 ہزار 718 ڈرائیور، 4 لاکھ 65 ہزار 138 مزدور، 12 ہزار 703 ٹیکنیشنز، 6 ہزار 475 الیکٹریشن، 5 ہزار 700 مستری، 2 ہزار 306 پلمبر اور 2 ہزار 27 ویٹر بھی بیرون ملک روزگار کیلئے روانہ ہوئے۔

مہارت کے لحاظ سے بیرون ملک جانے والوں میں 13 ہزار 657 انتہائی ہنرمند، 2 لاکھ 22 ہزار 171 ہنرمند، 42 ہزار 257 نیم ہنرمند اور 4 لاکھ 66 ہزار 62 غیر ہنرمند افراد شامل تھے۔

ملکی سطح پر سب سے زیادہ پاکستانی سعودی عرب گئے جہاں 5 لاکھ 30 ہزار 256 افراد نے ملازمت حاصل کی، جبکہ 52 ہزار 664 افراد متحدہ عرب امارات، 68 ہزار 376 قطر، 37 ہزار 726 بحرین، 6 ہزار 590 کویت، 2 ہزار 230 چین، 2 ہزار 210 جاپان، 1 ہزار 109 رومانیہ، 1 ہزار 5 امریکا، 4 ہزار 355 برطانیہ، 984 جرمنی اور 813 اٹلی گئے۔

مجموعی طور پر پاکستانی 54 سے زائد ممالک میں روزگار کیلئے گئے۔

اعداد و شمار کے مطابق، 2023 میں 8 لاکھ 62 ہزار سے زائد پاکستانی بیرون ملک گئے تھے، 2024 میں اس تعداد میں کمی آئی، تاہم 2025 میں دوبارہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔