بجلی بحران پر قابو پانے کے لیے خسارے والے فیڈرز سولر پر منتقل کرنے کا فیصلہ

وفاقی حکومت نے بجلی کے شعبے میں اصلاحات کے تحت زیادہ خسارے میں چلنے والے بجلی کے فیڈرز کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت بجلی کے شعبے میں جاری اصلاحات اور دور دراز علاقوں میں بلا تعطل بجلی کی فراہمی سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزیراعظم نے ہدایت کی کہ زیادہ نقصان اٹھانے والے فیڈرز صوبائی حکومتوں اور مقامی کمیونٹی کے تعاون سے شمسی توانائی پر منتقل کیے جائیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ اس اقدام سے خسارے میں چلنے والے فیڈرز کے نقصانات میں نمایاں کمی آئے گی اور متعلقہ علاقوں میں بجلی کی مسلسل اور قابلِ اعتماد فراہمی ممکن ہو سکے گی۔

وزیراعظم نے خصوصی طور پر پیسکو اور کیسکو کے زیادہ خسارے والے فیڈرز میں فوری طور پر پائلٹ پراجیکٹس شروع کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ان منصوبوں کی کامیابی کے لیے منتخب نمائندوں سے مشاورت اور مقامی آبادی کی شمولیت کو یقینی بنایا جائے۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ خسارے میں چلنے والے فیڈرز کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے سے کم لاگت، ماحول دوست اور پائیدار مائیکرو گرڈ قائم ہوں گے، جن میں مقامی آبادی، صوبائی اور وفاقی حکومتیں شراکت دار ہوں گی۔ بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ اس منصوبے سے نہ صرف سستی بجلی پیدا ہوگی بلکہ مستقبل میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے مجموعی خسارے میں بھی نمایاں کمی آئے گی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے منصوبے کی اصولی منظوری دیتے ہوئے ہدایت کی کہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں پائلٹ پراجیکٹس پر فوری طور پر عملی کام شروع کیا جائے۔

اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری، وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے چیف سیکریٹریز اور دیگر اعلیٰ سرکاری حکام شریک تھے۔