فیلڈ مارشل عاصم منیر اور بنگلا دیشی ایئر چیف کی ملاقات، دفاعی تعاون مضبوط بنانے پر اتفاق

راولپنڈی: چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے بنگلا دیش کی فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل حسن محمود خان نے جنرل ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں ملاقات کی، جس میں دوطرفہ دفاعی تعلقات، پیشہ ورانہ عسکری تعاون اور علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، ملاقات کے دوران پاکستان اور بنگلا دیش کی مسلح افواج کے درمیان دفاعی روابط کو مزید مضبوط بنانے، تربیتی تبادلوں کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے امور پر اتفاق کیا گیا۔

بنگلا دیشی ایئر چیف نے پاک افواج کی اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے خطے میں امن و استحکام کے لیے ان کے کردار کو قابلِ تحسین قرار دیا۔

اس موقع پر فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بنگلا دیش کے ساتھ دیرپا اور مضبوط دفاعی تعلقات کے فروغ کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا، جبکہ فریقین نے دونوں برادر ممالک کے درمیان تاریخی اور دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر بھی اتفاق کیا۔

ملاقات کے اختتام پر فیلڈ مارشل عاصم منیر کی جانب سے بنگلا دیشی ایئر چیف کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی گئی۔