دہشت گردی کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، خوارج کو ہمسایہ ممالک کی حمایت حاصل ہے: وزیراعظم شہباز شریف
کوئٹہ: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ آج بھی پوری شدت سے جاری ہے اور خوارج کو ہمسایہ ممالک کی جانب سے مکمل سپورٹ حاصل ہے، تاہم دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک حکومت چین سے نہیں بیٹھے گی۔
کوئٹہ میں اجلاس اور مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے واضح کیا کہ وفاقی حکومت بلوچستان کی ترقی، استحکام اور عوامی فلاح کے لیے صوبائی حکومت کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھے گی اور صوبے کو درپیش مسائل کے حل کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی نے خیبر پختونخوا کی طرح بلوچستان میں بھی شدید مشکلات پیدا کیں، مگر سیکیورٹی فورسز اور عوام کی قربانیوں کے باعث دشمن کو معرکۂ حق میں ایسا سبق سکھایا گیا جو وہ ہمیشہ یاد رکھے گا۔
وزیراعظم نے بلوچستان حکومت کی جانب سے امن و امان کے قیام، ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت، سیاسی ہم آہنگی اور عوامی شکایات کے مؤثر ازالے کے اقدامات کو سراہا۔
اس موقع پر چیف سیکرٹری بلوچستان نے تعلیم، صحت، گورننس اور ترقیاتی شعبوں میں اصلاحات پر تفصیلی بریفنگ دی۔
وزیراعظم نے کراچی تا چمن چار رویہ شاہراہ کا سنگ بنیاد بھی رکھا اور ہدایت کی کہ منصوبہ اعلیٰ معیار کے ساتھ مقررہ مدت سے قبل مکمل کیا جائے، انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے، چاروں صوبوں کو مساوی حق حاصل ہے اور این ایف سی کے تحت صوبوں کو وسائل کی منصفانہ تقسیم جاری رہے گی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کے امن کو نقصان پہنچانے والے عناصر کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا اور سیکیورٹی ادارے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کر کے رہیں گے۔

