سندھ حکومت کا کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کا اعلان

سکھر: وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے اعلان کیا ہے کہ کچے کے علاقوں میں آج سے بڑے پیمانے پر گرینڈ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے، جس کا مقصد ڈاکوؤں کا مکمل خاتمہ اور ریاستی رٹ کا قیام ہے۔

سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جو ڈاکو خود کو چیمپئن سمجھتے ہیں اور ہتھیار نہیں ڈالیں گے، ان کے خلاف سخت اور فیصلہ کن کارروائی کی جائے گی، تاہم جو عناصر ہتھیار ڈال کر خود کو قانون کے حوالے کریں گے انہیں ایک موقع دیا جائے گا۔

وزیر داخلہ سندھ کا کہنا تھا کہ فی الحال اس آپریشن میں فوج کی ضرورت نہیں، سندھ پولیس مکمل طور پر اہل ہے جبکہ رینجرز بھی آپریشن میں شریک ہوں گی، ضرورت پڑنے پر پنجاب پولیس سے بھی تعاون لیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ کچے میں ڈاکوؤں کو نیست و نابود کیا جائے گا اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف بھی بلاامتیاز کارروائی ہوگی۔

ضیا الحسن لنجار نے کہا کہ سندھ میں اب کہیں بھی حفاظتی کانوائے نہیں چل رہے اور امن و امان کے قیام کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔