اڈیالہ جیل میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کی ملاقات، 45 منٹ تک اکٹھے رہے

راولپنڈی: اڈیالہ جیل کے ذرائع کے مطابق، بانی پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان سے ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ملاقات کروا دی گئی۔

منگل کے روز سینٹرل جیل راولپنڈی میں ہونے والی ملاقات کانفرنس روم میں جیل قوانین کے مطابق کرائی گئی، جہاں دونوں میاں بیوی 45 منٹ تک اکٹھے رہے اور ایک دوسرے کا حال احوال دریافت کیا۔

جیل حکام کے مطابق، گزشتہ ہفتے بھی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی ملاقات ہوئی تھی تاہم اس موقع پر بیرونِ جیل سے کسی عزیز، رشتہ دار یا سیاسی رہنما کو ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی۔

ذرائع نے بتایا کہ بشریٰ بی بی کے وکیل کی جانب سے ضروری سامان جیل انتظامیہ نے وصول کیا جس میں کمبل، گرم کپڑے، میوہ جات، کھجوریں اور دیگر اشیاء شامل تھیں۔