علی امین گنڈاپور کی عدم پیشی، عدالت کا اشتہاری قرار دینے کے لیے اخبارات میں اشتہار دینے کا حکم

اسلام آباد: شراب و اسلحہ برآمدگی کیس میں سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی مسلسل عدم پیشی پر عدالت نے انہیں اشتہاری قرار دینے کے عمل کے آغاز کا حکم دے دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں جوڈیشل مجسٹریٹ مبشر حسن چشتی کے روبرو کیس کی سماعت ہوئی، تاہم علی امین گنڈاپور عدالت میں پیش نہ ہوئے جس پر اشتہاری کارروائی مکمل نہ ہو سکی۔

عدالت نے پولیس کو ہدایت کی کہ ملزم کی حاضری یقینی بنانے کے لیے کل اخبارات میں اشتہارات شائع کرائے جائیں جبکہ علی امین گنڈاپور کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کر دیے گئے۔

کیس کی آئندہ سماعت 7 جنوری کو مقرر کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ علی امین گنڈاپور کے خلاف تھانہ بارہ کہو میں شراب اور اسلحہ برآمدگی کا مقدمہ درج ہے۔

اس کے علاوہ جوڈیشل مجسٹریٹ مبشر حسن چشتی نے حقیقی آزادی مارچ سے متعلق دو مقدمات کی سماعت کے دوران بھی علی امین گنڈاپور سمیت دیگر ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے اور مزید سماعت 8 جنوری تک ملتوی کر دی۔

ان مقدمات میں بانی پی ٹی آئی، شاہ محمود قریشی، زرتاج گل اور دیگر افراد بری ہو چکے ہیں تاہم علی امین گنڈاپور کے خلاف دونوں مقدمات بدستور زیر سماعت ہیں۔

سیشن کورٹ اسلام آباد میں اسلحہ برآمدگی کیس کی سماعت کے دوران بھی عدالت نے علی امین گنڈاپور کے وارنٹ گرفتاری جاری رکھتے ہوئے پولیس کو اخبارات میں اشتہارات دینے کی ہدایت کی۔

عدالت کے مطابق، سابق وزیراعلیٰ کی مسلسل غیر حاضری کے باعث انہیں اشتہاری قرار دینے کی کارروائی ناگزیر ہو چکی ہے۔