جنگ میں فتح کے بعد پاکستان کا عالمی وقار بلند، پاک امریکا تعلقات میں نمایاں بہتری آئی: سفیر رضوان سعید شیخ
واشنگٹن: امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا ہے کہ جنگ میں فتح کے بعد پاکستان کو عالمی سطح پر جو مقام اور وقار ملا ہے وہ پہلے کبھی حاصل نہیں ہوا۔
واشنگٹن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس کامیابی کے بعد پاکستان کا تشخص اور ساکھ عالمی سطح پر مضبوط ہوئی ہے۔
سفیر پاکستان کے مطابق، گزشتہ برس پاک امریکا تعلقات میں نمایاں بہتری آئی، دونوں ممالک کی اعلیٰ قیادت کے درمیان متعدد سطحوں پر روابط قائم ہوئے جو باہمی اعتماد اور تعاون کے فروغ کی عکاسی کرتے ہیں، اور پاکستان کی اس کامیاب سفارت کاری کا کریڈٹ ملکی قیادت کو جاتا ہے۔
رضوان سعید شیخ نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان طویل المدتی شراکت داری موجود ہے، امریکا میں پاکستان کی سفارت کاری مثبت انداز میں آگے بڑھ رہی ہے اور مستقبل میں پاک امریکا شراکت داری میں مزید بہتری آئے گی۔
انہوں نے زور دیا کہ بین الاقوامی سلامتی کے لیے پاکستان نے ہمیشہ ذمہ دارانہ کردار ادا کیا ہے اور پاک امریکا تعاون عالمی امن و استحکام کے لیے اہم ہے۔

