پی ایس ایل 11: اسلام آباد یونائیٹڈ کا ‘پاور شو’، حیدرآباد کنگز مین کو روندتے ہوئے پلے آف میں جگہ پکی کر لی

کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے حیدرآباد کنگز مین کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 8 وکٹوں سے شکست دے کر پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے ایونٹ کے 36 ویں میچ میں یونائیٹڈ کے بولرز اور بلے بازوں نے حریف ٹیم کو ہر شعبے میں آؤٹ کلاس کیا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ، پشاور زلمی اور ملتان سلطانز کے بعد پلے آف مرحلے میں پہنچنے والی تیسری ٹیم بن گئی ہے۔

میچ کا آغاز اسلام آباد یونائیٹڈ کے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کے فیصلے سے ہوا، جو بالکل درست ثابت ہوا۔ یونائیٹڈ کے بولرز کے سامنے حیدرآباد کنگز مین کی پوری ٹیم ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور 16 ویں اوور میں محض 80 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

کنگز مین کی جانب سے صرف عثمان خان 25 رنز کے ساتھ کچھ مزاحمت کر سکے، جبکہ صائم ایوب 12 اور آصف محمود 12 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ کپتان مارنس لبوشین (5) اور گلین میکسویل (1) سمیت بڑے نام ناکام رہے۔

اسلام آباد کی جانب سے رچرڈ گلیسن، کپتان شاداب خان اور عماد وسیم نے 3، 3 وکٹیں حاصل کر کے حریف بیٹنگ لائن کی کمر توڑ دی۔

81 رنز کا معمولی ہدف اسلام آباد یونائیٹڈ نے محض 6.4 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ نوجوان اوپنر محسن ریاض نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے صرف 18 گیندوں پر 42 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی۔ سمیر منہاس 27 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ کپتان شاداب خان نے 4 رنز بنا کر فتح مکمل کی۔

حیدرآباد کی جانب سے دونوں وکٹیں محمد علی نے حاصل کیں۔

اس فتح کے ساتھ ہی اسلام آباد یونائیٹڈ نے پلے آف میں اپنی جگہ یقینی بنا لی ہے، جبکہ حیدرآباد کنگز مین کے لیے ٹورنامنٹ کی راہ مزید کٹھن ہوگئی ہے۔