راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ضلع خیبر میں دہشت گردوں کے خلاف ایک بڑی اور کامیاب کارروائی کرتے ہوئے فتنۃ الخوارج کے 22 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، یہ مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن 21 اپریل 2026 کو خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا۔
آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں فورسز نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے 22 خوارج کو ٹھکانے لگا دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، گرفتاری کے خوف اور انتہائی بزدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے خوارج نے اندھا دھند فائرنگ کی، جس کی زد میں آ کر ایک 10 سالہ معصوم بچہ شہید ہو گیا۔ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں جدید اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ یہ خارجی عناصر علاقے میں ٹارگٹ کلنگ اور بم دھماکوں سمیت متعدد دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث رہے تھے۔ علاقے میں کسی بھی ممکنہ خارجی کے خاتمے کے لیے سرچ اور کلیئرنس آپریشن تاحال جاری ہے۔
پاک فوج نے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے قومی ایکشن پلان اور ‘وژن عزمِ استحکام’ کے تحت ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک اپنی کارروائیاں جاری رکھیں گے۔
دفاعی ماہرین اس آپریشن کو دہشت گردوں کے نیٹ ورک کے لیے ایک بڑا دھچکا قرار دے رہے ہیں، خاص طور پر سرحد پار سے ہونے والی بھارتی مداخلت کے تناظر میں یہ کارروائی انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔

