شمالی وزیرستان: سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، 16 دہشت گرد ہلاک

شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے افغان سرحد سے دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 16 خوارج کو ہلاک کر دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق یہ کارروائی غلام خان کیلی کے علاقے میں کی گئی، جہاں دہشت گرد پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 22 اور 23 مارچ کی شب خوارج نے افغانستان کی جانب سے پاکستان میں دراندازی کی کوشش کی، لیکن سیکیورٹی فورسز نے فوری ردعمل دیتے ہوئے ان کے عزائم خاک میں ملا دیے۔

پاک فوج نے دہشت گردوں کو نشانہ بنا کر 16 شدت پسندوں کو ہلاک کیا، جبکہ دیگر کو پسپا ہونے پر مجبور کر دیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان مسلسل افغان عبوری حکومت سے بارڈر مینجمنٹ کو مزید مؤثر بنانے کا مطالبہ کر رہا ہے تاکہ سرحد پار سے دہشت گردوں کی دراندازی کو روکا جا سکے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ افغان حکام اپنی ذمہ داریوں کو پورا کریں اور دہشت گردوں کو اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہ دیں۔

پاک فوج نے واضح کیا کہ سیکیورٹی فورسز ملکی سرحدوں کے تحفظ اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ہر ممکن قدم اٹھانے کے لیے پُرعزم ہیں۔

پاکستان کی بہادر افواج اپنی جانوں کی پروا کیے بغیر مادرِ وطن کے دفاع کو یقینی بنانے کے لیے ہر محاذ پر تیار ہیں۔