یوم پاکستان: 85ویں سالگرہ قومی جوش و جذبے کے ساتھ منائی گئی

اسلام آباد: پاکستان بھر میں یوم پاکستان قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ رمضان المبارک کے باعث تقریبات کو محدود رکھا گیا، لیکن حب الوطنی کا جذبہ جوں کا توں برقرار رہا۔ دن کا آغاز توپوں کی سلامی اور خصوصی دعاؤں سے ہوا جبکہ ایوان صدر میں مرکزی تقریب منعقد کی گئی۔

23 مارچ 1940 کو قرارداد پاکستان کی منظوری کا تاریخی دن آج 85 برس مکمل کر چکا ہے۔ اس موقع پر ملک بھر میں تقریبات کا انعقاد کیا گیا، جن میں مسلح افواج، سول قیادت، غیر ملکی سفراء اور عوام نے بھرپور شرکت کی۔

دن کا آغاز توپوں کی سلامی سے ہوا، جس میں اسلام آباد میں 31 جبکہ لاہور میں 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ اس موقع پر پاک فوج کے جوانوں نے نعرہ تکبیر اور "پاکستان زندہ باد” کے فلک شگاف نعرے لگائے، جنہوں نے فضا کو قومی جذبے سے معمور کر دیا۔

رواں سال مرکزی تقریب ایوانِ صدر میں منعقد کی گئی، جہاں پاکستان کی تینوں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستوں نے صدرِ مملکت آصف علی زرداری کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔

تقریب میں پاک فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے شاندار فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کیا جبکہ پاکستان آرمی کے بینڈ نے اپنی مہارت کا عملی ثبوت دیا۔ اس موقع پر غیر ملکی سفارت کار، اعلیٰ عسکری و سول حکام اور اہم شخصیات موجود تھیں۔

لاہور میں شاعر مشرق علامہ اقبال کے مزار پر روایتی گارڈز کی تبدیلی کی تقریب منعقد ہوئی۔ اس موقع پر پاک فضائیہ کے چاک و چوبند دستے نے پنجاب رینجرز کی جگہ اعزازی گارڈز کی ذمہ داری سنبھالی۔

ایئر وائس مارشل اختر عمران سدوزئی نے تقریب کا معائنہ کیا، گارڈز کی سلامی قبول کی اور مزار پر پھول چڑھائے۔ انہوں نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کیے۔

یوم پاکستان کے موقع پر واہگہ بارڈر اور گنڈا سنگھ والا بارڈر پر بھی روایتی جوش و جذبے کے ساتھ تقریبات منعقد ہوئیں۔ رینجرز اہلکاروں نے شاندار پریڈ کا مظاہرہ کیا، جبکہ ہزاروں کی تعداد میں موجود عوام نے پاکستانی پرچم کو سلامی دے کر اپنے والہانہ جذبات کا اظہار کیا۔

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سروس چیفس نے قوم کو یومِ پاکستان کی 85ویں سالگرہ پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ "وطن کی حفاظت ہر قیمت پر یقینی بنائیں گے، 23 مارچ ہماری ایمان، امید اور ثابت قدمی کی علامت ہے”۔

پاک فوج کے ترجمان آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر عالمی برادری میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ پاک افواج اپنی سرحدوں کی حفاظت اور قومی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے ہمیشہ چوکس اور تیار رہیں گی۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ پاکستان جمہوری استحکام، اقتصادی ترقی اور قومی یکجہتی کے سفر پر گامزن ہے۔ پاک افواج ملک کی سلامتی، استحکام اور امن کو یقینی بنانے کے لیے اپنی خدمات جاری رکھیں گی۔

یوم پاکستان کی تقریبات میں ملک بھر کے عوام نے بھرپور شرکت کرکے یہ پیغام دیا کہ ہم ایک متحد قوم ہیں اور اپنے روشن مستقبل کے لیے پرعزم ہیں۔