پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات مکمل، اسٹاف لیول معاہدہ جلد طے پانے کا امکان

اسلام آباد: پاکستان اور عالمی مالیاتی ادارے (IMF) کے جائزہ مشن کے درمیان توسیعی فنڈ سہولت (EFF) پروگرام کے تحت چوتھے اقتصادی جائزے پر مذاکرات کامیاب انداز میں مکمل ہو گئے ہیں، جس کے بعد دونوں فریقین کے درمیان اسٹاف لیول معاہدہ (Staff-Level Agreement) جلد طے پانے کا قوی امکان ہے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کے وفد کے ساتھ تمام معاشی اہداف اور اصلاحات پر تفصیلی و مثبت بات چیت ہوئی۔ اسٹاف لیول معاہدے کی حتمی منظوری آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ سے حاصل کی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت آئی ایم ایف پروگرام پر مکمل عمل درآمد، ریونیو موبلائزیشن کے اقدامات اور نجکاری کے عمل کو تیزی سے آگے بڑھا رہی ہے۔ اس کے علاوہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (DISCOs) کے لائن لاسز اور گیس سیکٹر کے گردشی قرضے (Circular Debt) کو روکنے اور کم کرنے کے لیے اہم پیشرفت کی گئی ہے۔