آبنائے ہرمز میں کشیدگی: پاکستان کا قطر سے ایل این جی کے 3 کارگوز حاصل کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد: آبنائے ہرمز کے راستے توانائی کی فراہمی میں بڑھتی ہوئی غیر یقینی صورتحال اور خطے میں کشیدگی کے پیشِ نظر حکومتِ پاکستان نے اکتوبر کے دوران قطر سے ایل این جی (LNG) کے تین کارگو حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق حکومت ایل این جی کے جہازوں کی سمندری راستے سے محفوظ اور بلاتعطل گزرگاہ کو یقینی بنانے کے لیے ایرانی حکام سے رابطہ کرنے کی تیاری بھی کر رہی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ رکاوٹ یا خطرے سے بچا جا سکے۔

یہ اہم پیشرفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب قطر انرجی (QatarEnergy) نے پاکستان کو ایل این جی کی فراہمی پر ‘فورس میجور’ (Force Majeure) کی مدت میں 4 نومبر تک توسیع کر دی ہے۔

حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ توانائی کی ترسیل کا یہ تعطل آنے والے موسمِ سرما کے دوران بھی برقرار رہ سکتا ہے، جس کے باعث ملک میں گیس کے ممکنہ بحران سے نمٹنے کے لیے متبادل اور ہنگامی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔