ایران کے خلاف جنگ میں 81 امریکی طیاروں کو نقصان پہنچنے کا انکشاف

واشنگٹن: ایران کے خلاف جاری جنگ میں امریکی فضائی طاقت کو بھاری نقصان پہنچنے کا انکشاف ہوا ہے۔ کانگریشنل ریسرچ سروس (CRS) کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق لڑائی کے دوران امریکا کے کم از کم 81 فوجی طیارے، ہیلی کاپٹرز اور بغیر پائلٹ ڈرونز یا تو تباہ ہوئے یا انہیں شدید نقصان پہنچا۔

رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ نقصان MQ-9 ریپر ڈرونز کو پہنچا، جن میں سے کم از کم 45 ڈرونز ایران کے خلاف کارروائیوں اور نگرانی کے دوران ضائع ہوئے۔

اس کے علاوہ اپریل میں ایران کے اوپر ایک F-15E جنگی طیارہ تباہ ہوا، جبکہ مارچ میں کویت کے اندر فرینڈلی فائر کے واقعے میں 3 طیارے تباہ ہوئے۔ ستمبر میں اردن کے ایئربیس پر ایرانی حملے کے نتیجے میں 8 F-15 طیاروں کو نقصان پہنچا جنہیں بعد میں دوبارہ آپریشنل کر دیا گیا۔

سی آر ایس رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ متاثر ہونے والے دیگر اثاثوں میں ایک F-35A لائٹننگ II، دو A-10 تھنڈربولٹ II اور 7 KC-135 فضائی ایندھن بھرنے والے ٹینکر طیارے شامل ہیں۔

دفاعی تجزیہ کاروں کے مطابق اتنی بڑی تعداد میں جدید طیاروں اور ڈرونز کا متاثر ہونا امریکی فضائی برتری اور طویل فاصلے کے سیکیورٹی اثاثوں کو درپیش شدید خطرات کی نشان دہی کرتا ہے۔