انگلیاں ٹریگر پر ہیں، دوبارہ حملہ کیا تو تباہ کن ردعمل دیں گے: ایران کی امریکا اور اسرائیل کو سخت وارننگ
تہران : ایرانی پارلیمنٹ کی قومی سلامتی و خارجہ پالیسی کمیٹی کے سربراہ ابراہیم عزیزی نے امریکا اور اسرائیل کو شدید نتائج کی دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی مسلح افواج کی انگلیاں ٹریگر پر ہیں اور کسی بھی ممکنہ غلطی کی صورت میں دشمن کو پہلے سے کہیں زیادہ تباہ کن ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں ابراہیم عزیزی نے کہا کہ ایرانی مسلح افواج پہلے سے کہیں زیادہ تیار ہیں اور کسی بھی نئی امریکی یا اسرائیلی کارروائی کا انتظار کر رہی ہیں۔
دوسری جانب ایرانی وزارتِ دفاع کے ترجمان رضا طلائی نیک نے بھی واضح کیا کہ جنگ کے آغاز کے بعد سے ایران کی اسلحہ اور گولہ بارود بنانے کی صلاحیت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور کسی بھی نئے حملے کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔
یہ سخت بیانات ایک ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب پاکستان اور قطر کی ثالثی میں واشنگٹن اور تہران کے درمیان سفارتی رابطے اور بالواسطہ مذاکرات جاری ہیں۔
علاوہ ازیں اقوام متحدہ میں ایران کے نائب سفیر علی کریمی نے بحرین اور خطے کے دیگر ممالک کو خبردار کیا ہے کہ وہ اپنی سرزمین یا فضائی حدود کو ایران کے خلاف استعمال نہ ہونے دیں۔
انہوں نے کہا کہ جو ملک اپنے پڑوسی کے خلاف جنگ کے لیے اپنی فضائی حدود یا زمین فراہم کرے گا، اسے ایرانی ردعمل پر حیران نہیں ہونا چاہیے، کیونکہ ایران کا جوابی اقدام اپنے دفاع کا جائز حق ہے۔

