پاکستان کا مقامی طور پر تیار کردہ ‘فتح-4’ کروز میزائل کے توسیعی ورژن کا کامیاب تجربہ

راولپنڈی: پاکستان نے مقامی طور پر تیار کیے گئے ‘فتح-4’ گراؤنڈ لانچڈ کروز میزائل کے توسیعی (Extended) ورژن کا کامیاب تجربہ کر لیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (ISPR) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 800 کلومیٹر سے زائد رینج رکھنے والا فتح-4 کروز میزائل جدید ایویونکس اور جدید ترین نیویگیشن سسٹم سے لیس ہے، جو طویل فاصلے تک اپنے اہداف کو انتہائی درستگی کے ساتھ نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

تجربے کے دوران میزائل کے مختلف ذیلی نظاموں، تکنیکی پیرامیٹرز اور بقا کی صلاحیت کی توثیق کی گئی تاکہ اس کی اثر انگیزی کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔

کامیاب تجربے کا مشاہدہ پاک فوج کے اعلیٰ افسران، سائنسدانوں اور انجینئرز نے کیا۔ صدرِ مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور تمام سروسز چیفس نے اس اہم دفاعی سنگ میل کے حصول پر سائنسدانوں، انجینئرز اور متعلقہ عملے کی تکنیکی صلاحیت اور لگن کو سراہتے ہوئے مبارکباد پیش کی ہے۔